• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ روپالی گنگولی کا جیا بچن کی دھکا دینے والی ویڈیو پر ردِ عمل

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی چینل کے ڈرامے انوپما کی اداکارہ روپالی گنگولی نے سیاستدان و اداکارہ جیا بچن کی ایک شخص کو دھکا دینے والی ویڈیو پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کے بعد روپالی گنگولی نے دہلی کے کانسٹیٹیوشن کلب کی وائرل ویڈیو میں جیا بچن کے چونکا دینے والے رویے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

ماضی میں سابق اداکارہ اور سماج وادی پارٹی کی ایم پی جیا بچن کے میڈیا کے ساتھ کئی ناخوش گوار واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا ہے، جیسا کہ ایک بار انہوں نے ایک پاپارازی سے کہا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ وہ دہرا ہو کر گر جائے کیونکہ وہ ان کی تصویر کھینچنے کی کوشش کر رہا تھا۔

رواں ہفتے ان کے غصے بھرے واقعات کی فہرست میں ایک نیا اضافہ اس وقت ہوا جب دہلی کے کانسٹیٹیوشن کلب میں ایک مداح نے جیا بچن کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی جس پر وہ اپنا آپا کھو بیٹھیں اور غصے سے اسے دھکا دے دیا، جس پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردِ عمل کا ظہار کیا جا رہا ہے۔

اس واقعے کے فوراً بعد سیاستدان اور اداکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر جیا بچن پر شدید تنقید کی تھی، جن کے بعد ٹی وی اسٹار روپالی گنگولی جو اپنے ہٹ شو انوپما کے حوالے سے مشہور ہیں، اب ان کا جیا بچن کی وائرل ویڈیو پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

روپالی گنگولی نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیا جی نے میرے والد کے ساتھ فلم ’کورا کاغذ‘ میں کام کیا تھا، جس کے لیے میرے والد کو نیشنل ایوارڈ ملا تھا، جیا جی کا کام دیکھ کر اور فلم کورا کاغذ دیکھ کر میں نے ابتدائی طور پر اداکاری سیکھی مگر اب مجھے امید ہے کہ میں ان سے یہ برتاؤ نہ سیکھوں۔

جیا بچن کی غصے والی وائرل کلپ پر روپالی گنگولی کے مؤقف پر سوشل میڈیا پر کچھ لوگ ان سے متفق ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں کسی بھی اداکارہ کو ایسا برتاؤ نہیں کرنا چاہیے۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ بدتمیزی کا کوئی جواز نہیں ہوتا۔

ایک اور تبصرے میں لکھا گیا  اصل میں ایسے لوگوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

ایک روپالی کے مداح نے کہا ہے کہ انوپما جی! آپ بہت اچھی ہیں، ان جیسی حرکت مت کرنا۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین ایسے بھی ہیں جو جیا بچین کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

ایک ایسے ہی سوشل میڈیا صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ جیا جی نے اپنی زندگی میں بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے، ان کی جگہ کوئی بھی ہوتا تو ایسا ہی کرتا، انہیں سکون سے چھوڑ دیں۔

ایک اور صارف نے نشاندہی کی ہے کہ وہ شخص سیلفی لینے کے لیے بہت قریب چلا گیا تھا، کیا اس نے پوچھا تھا کہ کیا وہ ان کے ساتھ تصویر لے سکتا ہے؟

ایک تبصرے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ جیا بچن کے رویے میں کچھ غلط نہیں ہے، اگر وہ عوام میں گھل مل گئیں تو لوگ انہیں چھونے میں بھی نہیں ہچکچائیں گے، اس رویے کو سب غلط نام نہ دیں، زیادہ تر پڑھی لکھی اور نظم و ضبط والی خواتین ایسی ہی ہوتی ہیں، اگر سب خواتین ان کی طرح بن جائیں تو مرد ان سے فاصلہ برقرار رکھیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید