ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ عالمی عدالتِ انصاف کی نائب صدر کا سرعام اسرائیلی حمایت کا اعلان انصاف کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے عالمی عدالتِ انصاف کی نائب صدر جولیا سیبوٹنائڈ کو سرعام اسرائیل کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے عالمی عدالتِ انصاف کی نائب صدر جولیا سیبوٹنائڈ پر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیے گئے ایک ٹوئٹ کے جواب میں کہا، ’اسرائیل کی حمایت میں یوں سامنے آنا عدالتی معیار کی سنگین خلاف ورزی ہے‘۔
یوگنڈا سے تعلق رکھنے والی 71 سالہ جولیا سیبوٹنائڈ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’اس وقت 30 ممالک اسرائیل کے خلاف ہیں اور چاہے ساری دنیا بھی اسرائیل کے خلاف ہوجائے اور جس میں میرا ملک بھی شامل ہو جائے، خدا مجھے بھی اسرائیل کے ساتھ دینے والوں میں گنے گا۔‘