پاکستانی میوزک انڈسٹری کا جانا پہچانا نام گلوکار عاصم اظہر نے مداحوں کے نام اہم پیغام جاری کر دیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار و اداکار نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اہم مسئلے کی جانب مبذول کروائی۔
انہوں نے لکھا کہ آج ہماری سر زمین رو رہی ہے۔ سیلاب لوگوں ناصرف گھر اپنے ساتھ بہا لے گیا بلکہ ان کے خواب اور قیمتی جانیں بھی اپنے ساتھ لے گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا دل ہر ماں، باپ، بچے کے لیے غم زدہ ہے جو بدترین سیلاب سے متاثر ہوئے۔ ایسے لمحوں میں ہمیں ایک قوم کی طرح متحد ہونا اور مدد کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھانا چاہیے۔
عاصم اظہر نے متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کرتے ہوئے مزید لکھا کہ متاثرین کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور اگر ممکن ہوسکے تو امدادی کارروائی میں قابلِ اعتماد فلاحی اداروں کی مدد کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ جو بکھر گیا ہے اسے ہم مل کر سمیٹ سکتے ہیں۔
گلوکار نے اپنے پیغام کے آخر میں زور دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جتنے زور سے ہم کل آزادی منا رہے تھے، اتنی ہی شدت سے آگے آئیں اور اپنے لوگوں کی جتنی ممکن ہوسکے مدد کریں۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں میں بارش، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے 321 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔