پاکستان کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ ہانیہ عامر نے شوبز انڈسٹری میں اپنے 9 سال مکمل ہونے کے بعد تجربات شیئر کردیے۔
ہانیہ عامر نے 2016ء میں فلم جاناں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ متعدد کامیاب ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، حال ہی میں نجی ٹی وی کے ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ان کی شاندار کارکردگی کو بےحد سراہا گیا۔
ہانیہ عامر اس وقت پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سیلیبرٹی ہیں جن کے انسٹاگرام پر 18.8 ملین فالورز ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ہانیہ نے انڈسٹری میں اپنے 9 سالہ سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال پہلے میں اس انڈسٹری میں آئی تو مجھے کچھ اندازہ نہیں تھا کہ میرے ساتھ کیا ہونے والا ہے، میں کیمرے، روشنیوں اور لاکھوں لوگوں کی نظریں اپنے اوپر ہونے کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ایک چھوٹی لڑکی تھی جو صرف زندگی میں اپنا راستہ تلاش کر رہی تھی، ہر ٹھوکر، ہر دل ٹوٹنے کا لمحہ اور ہر ہیڈلائن نے مجھے وہ بنایا جو آج ہوں، بطور عورت انڈسٹری میں رہنا اپنے ساتھ کئی چیلنجز لے کر آتا ہے۔
ہانیہ نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ آپ نازک ہوں بلند آواز نہ ہوں، خوبصورت ہوں، میں نے ہمیشہ اپنی جگہ بنانے، کھل کر ہنسنے اور بےخوف ہو کر محبت کرنے کا انتخاب کیا، آپ سب نے مجھے بڑا ہوتے دیکھا ہے اور یہ تو صرف آغاز ہے۔