• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹی لڑکیوں کو شرمندہ کرنے پر سونیا حسین کا مسز خان کو کرارا جواب

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان کی معروف اور ورسٹائل اداکارہ سونیا حسین نے لڑکیوں کے موٹاپے سے متلعق تبصرے کرنے پر رشتہ کروانے کے لیے شہرت رکھنے والی میڈیا پرسنیلیٹی مسز خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مسز خان کی وائرل ویڈیو ری شیئر کی اور ان کے خیالات کو دقیانوسی قرار دے دیا۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مسز خان کا ایک مختصر ویڈیو کلپ خوب وائرل ہو رہا تھا، جس میں انہوں نے موٹی لڑکیوں کی شخصیت پر بات کی اور کہا کہ چبی (chubby) لڑکیاں اعتماد کی کمی کا شکار ہوتی ہیں۔ ان کے موٹاپے کی وجہ سے ان کے رشتے نہیں ہوتے کیونکہ لڑکے والے دبلی پتلی لڑکیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔

مسز خان نے ایسی لڑکیوں کو پتلا ہونے کے لیے ناصرف ورزش اور جم جانے کے مشورے دیے بلکہ انہوں نے ایسی لڑکیوں کو وزن کم کرنے کے لیے ادویات کا سہارا لینے کا بھی مشورہ دیا۔

تاہم اب سونیا حسین نے مسز خان کے طعنوں کا کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ احترام کے ساتھ، یہ 2025 ہے اور جاگنے کا وقت ہے۔ اس طرح کے بیانات کہ لڑکے والے موٹی لڑکیوں کو انکار کردیتے ہیں، ناصرف دقیانوسی ہیں بلکہ یہ اشتعال انگیز اور نقصان دہ بھی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ لڑکیوں کے اعتماد کو اسی طرح کے بیانات نقصان پہنچاتے ہیں، کیونکہ ان بیانات نے ایک مخصوص ذہنیت کو جنم دیا ہے، جو خوبصورتی کے غیر حقیقی معیار کو عام کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرسودہ خیالات آج کی نسل پر مسلط کرنا نقصان دہ اور غیر متعلقہ ہے، یہ ذہنیت اب آج کی دنیا میں کام نہیں آئے گی۔ اس نسل کو صنف سے قطع نظر بہتر اقدار جن میں اعتماد، اچھے کردار، کیریئر، پیشہ ورانہ کامیابیں، خود کی ترقی اور مضبوط خاندانی اقدار شامل ہیں، کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

سماجی رویوں پر بات کرتے ہوئے سونیا حسین نے یہ بھی کہا کہ کیا اب ہم شرمندہ کرنے کی اس روایت کو بدل سکتے ہیں؟ بجائے خواتین کو ذہنی و جسمانی طور پر سپورٹ کرنے کے کب تک ہم خواتین کو ان کی کمیوں کی وجہ سے شرمندہ کرتے رہیں گے؟ زندگی کا واحد مقصد صرف شادی کرنا نہیں ہونا چاہئے۔ نسل در نسل ناخوشگوار شادیوں کے چکر کو دہرانے کے بجائے اپنی ذات اور ذہنی و جسمانی ضرورت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ہم مضبوط رہیں اور مشکلات کا سامنا کرسکیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید