آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس سیریز ’ایڈولیسنس‘ کے کم عمر اداکار اوون کوپر نے ایمی ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 77ویں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز کا انعقاد امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ہوا، جس میں نیٹ فلکس سیریز ایڈولیسنس نے 8 اعزازات کے ساتھ میدان مار لیا۔
فلم کے مرکزی کرداروں میں سے ایک اوون کوپر، جنہوں نے مذکورہ سیریز میں جیمی ملر کا کردار ادا کیا۔ اس کردار کے لیے انہوں نے بہترین سپورٹنگ ایکٹر کا اعزاز حاصل کیا۔
اوون کوپر نے اعزاز حاصل کرنے کے بعد کہا کہ یہاں کھڑے ہونا ناقابل یقین ہے، یہ حقیقت ہے۔ آج سے چند برس قبل جب میں نے اداکاری کی تربیت شروع کی تو سوچا نہیں تھا کہ میں امریکا میں اپنی جگہ بنا سکوں گا۔
انہوں نے نوجوان اداکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد احساس ہو رہا ہے کہ اگر میں یہ حاصل کرسکتا ہوں تو کوئی بھی کرسکتا ہے۔ بس آپ کو توجہ اور ہمت سے کام لینا ہے اور اپنے کمفرٹ زون سے باہر آنے کی ضرورت ہے، پھر آپ زندگی میں کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اوون کوپر ایمی ایوارڈز کی تاریخ میں اعزاز حاصل کرنے والے اب تک کے سب سے کم عمر اداکار بن گئے ہیں۔