• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی: انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے ڈیڑھ ارب، جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 50 کروڑ روپے جاری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

خیبرپختونخوا میں سیلاب اور طوفانی بارشوں کے سبب جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے ڈپٹی کمشنر کے پی کو 50 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں نقصانات، ریسکیو اور ریلیف سے متعلق کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو بتایا گیا کہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 309 اموات ہوئیں، حادثات میں زخمیوں کی تعداد 23 ہے جو کہ مزید بڑھ سکتی ہے، سیلاب سے 63 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرہ علاقوں میں ادویات، اشیائے خور و نوش پہنچائی جا رہی ہیں، انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے محکمۂ مواصلات کو ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے ڈپٹی کمشنر کو 50 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن مکمل جبکہ ریلیف اور بحالی کا کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے وہاں ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی اگلے 2 دنوں میں یقینی بنائی جائے۔

اجلاس کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کا بروقت رسپانس قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

قومی خبریں سے مزید