• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریٹائرمنٹ کا مشورہ دینے والے مداح کو شاہ رخ کا کرارا جواب

شاہ رخ خان—فائل فوٹو
شاہ رخ خان—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ریٹائرمنٹ کا مشورہ دینے والے مداح کا منہ کرارے جواب سے بند کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگ خان نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر متعدد صارفین کے ساتھ اپنے مخصوص مزاحیہ اور حاضر جوابی کے انداز میں بات چیت کی، انہوں نے نیشنل ایوارڈ جیتنے کے حوالے سے بھی بات کی۔

شاہ رخ خان نے ہفتے کے روز مہینوں بعد ایکس پر آسک ایس آر کے #AskSRK سیشن منعقد کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔

اداکار نے پلیٹ فارم پر متعدد صارفین کے سوالات کے جوابات دیے، جن میں معتبر نیشنل ایوارڈ جیتنے پر ان کے ردِعمل سے لے کر ان کی آنے والی فلم کنگ اور ان کی صحت تک سے متعلق سوالات شامل تھے، جب کسی نے شاہ رخ کو ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنے کا مشورہ دینے کی جسارت کی تو اداکار نے حاضر جوابی سے بھرپور جواب دیا۔

شاہ رخ نے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ باہر بارش دیکھی، زیادہ تر ہلکی ہے، تو سوچا کہ اگلا آدھا گھنٹہ آپ سب کے ساتھ گزاروں، اگر آپ کے پاس وقت ہے تو آئیے آسک ایس آر کےسیشن پر گپ شپ کرتے ہیں، صرف تفریحی سوالات اور جوابات پلیز، کیونکہ میں ایک چوٹ سے صحتیاب ہو رہا ہوں۔

ایک صارف نے پوچھا کہ بھائی اب عمر ہو گئی، ریٹائرمنٹ لے لو، دوسرے بچے لوگوں کو آگے آنے دو۔

اس کے جواب میں شاہ رخ نے لکھا کہ بھائی تمہارے سوالوں کا بچپنا جب ختم ہو جائے، تب کچھ اچھا سا پوچھنا، تب تک تم خود ہی عارضی ریٹائرمنٹ لے لو۔

ایک مداح نے پوچھا کہ نیشنل ایوارڈ جیتنے کے بعد آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں؟

شاہ رخ نے جواب دیا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں کسی ملک کا بادشاہ ہوں، یہ بہت بڑا اعزاز اور بہت بڑی ذمے داری ہے کہ میں مزید بہتر کارکردگی دکھاؤں اور زیادہ محنت کروں۔

شاہ رخ خان نے جوان میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ جیتا ہے، انہوں نے یہ ایوارڈ وکرانت میسی کے ساتھ شیئر کیا جنہوں نے بارہویں فیل کے لیے ایوارڈ جیتا ہے۔

ایک دوسرے مداح نے اداکار سے پوچھا کہ آج کل ان کی پسندیدہ مصروفیت کیا ہے؟

شاہ رخ نے جواب دیاکہ آج کل صرف فزیوتھراپی، تھوڑی بہت پڑھائی، فلم کنگ کے لیے ڈائیلاگز کی ریہرسل اور بہت زیادہ سونا۔

واضح رہے کہ جون میں یہ خبر آئی تھی کہ ممبئی میں فلم کنگ کے ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان زخمی ہو گئے۔

یہ فلم کنگ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے جس میں سہانا خان اور سوربھ شکلا بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ابھیشیک بچن، جیکی شروف، راگھو جوئیل اور انیل کپور بھی کاسٹ کا حصہ ہیں، تاہم کاسٹ کے بارے میں باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی ہے، جبکہ ریلیز کی تاریخ کا فیصلہ بھی ہونا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید