بھارت میں بگ باس ونر اور یوٹیوبر ایلویش یادو کے گھر فائرنگ کی ذمہ داری بھاؤ گینگ نے قبول کرلی۔
معروف بھارتی یوٹیوبر اور مشہور ریلیٹی شو بگ باس کے فاتح ایلویش یادو کے گھر کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے پیش آیا، جہاں 3 نقاب پوش حملہ آور موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور دو درجن سے زائد گولیاں برسادیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ گولیاں مکان کی پہلی منزل اور زمین پر لگیں، تاہم ایلویش یادو اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، وہ دوسری اور تیسری منزل پر رہائش پذیر ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی ہے جس میں بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر ہمانشو بھاؤ اور نیرج فریدپوریا نے اس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پوسٹ میں لکھا گیا، ’آج ایلویش یادو کے گھر فائرنگ کی گئی ہے، یہ کارروائی نیرج فریدپور اور بھاؤ رتولیہ نے کی ہے، وہ غیرقانونی بیٹنگ ایپس کو پروموٹ کر کے کئی گھر برباد کر چکا ہے، یہ اس کے لیے وارننگ ہے، جو بھی یہ ایپس پروموٹ کرے گا، یاد رکھے فون یا گولی کبھی بھی آسکتی ہے۔‘
بھارتی میڈیا کے مطابق گرگاؤں پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔