تیل و گیس سیکٹر میں امریکی سرمایہ کاری لانے کے لیے پاک امریکا مذاکرات ہوئے ہیں۔
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی سرمایہ کاری تیل کے خشکی اور سمندری ذخائر میں لائی جائے گی، امریکا تیل و گیس کی تلاش کے لیے 7 ارب 50 کروڑ ڈالرز سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے سرمایہ کاری کے لیے 40 آف شور بلاکس کی بولی کی پیشکش کر دی، ایک آف شور بلاک کے لیے تقریباً 15 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری درکار ہے، مجموعی طور پر 40 آف شور بلاکس کی کامیاب بولی پر 6 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خشکی پر تیل کے ذخائر کی تلاش کے لیے 23 بلاکس بولی کے لیے آفر کیے، خشکی پر تیل کے ذخائر کی تلاش کے ایک بلاک کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز درکار ہیں، 23 آن شور بلاکس کی کامیاب بولی پر تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری آئے گی۔
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ سمندر میں تیل کے ذخائر کی تلاش کے لیے آف شور بلاکس کی بولی 31 اکتوبر کو کھولی جائے گی، خشکی پر تیل کے ذخائر کی تلاش کے بلاکس کی بولی 10 اکتوبر کو اوپن کی جائے گی، بولی میں ترکش پیٹرولیم کمپنی بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہے۔