مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے فلڈ ریلیف اینڈ ری ہیبلیٹیشن فنڈ اکاؤنٹ بنا دیا ہے۔
مزمل اسلم نے سیلاب متاثرین کے فنڈز سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ فنڈز سیلاب متاثرین کی آبادکاری پر خرچ کیے جائیں گے اور سیلاب متاثرین کے فنڈز کے اعداد و شمار شائع کیے جائیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کئی فلاحی تنظیمیں وزیراعلیٰ کو مالی مدد کے لیے اکاؤنٹ نمبر کا مطالبہ کر رہی تھیں، کوئی بھی فرد، آرگنائزیشن اور بیرون ملک پاکستانی فلڈ ریلیف اکاؤنٹ میں رقم بھیج سکتے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ کے پی حکومت نے ڈیش بورڈ بنا دیا ہے جس میں سیلاب کے نقصانات کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پچھلے چند دنوں میں 4 ارب روپے جاری کر چکی ہے، نقصانات کا تخمینہ لگا کر اعداد و شمار صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔