ملائیشیا کی ریاست ترنکگا نور نے بغیر شرعی عذر کے نمازِ جمعہ نہ پڑھنے والے مردوں کیلئے سزاؤں کا اعلان کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے 2 سال قید اور 3 ہزار رنگٹ ( 2 لاکھ پاکستانی روپے) کے جرمانے کی سزا کا اعلان کردیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملائیشین اسلامی پارٹی (پی ایس اے) کے زیرِ انتظام ریاست ترنکگانو میں رواں ہفتے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ایک مرتبہ بھی نمازِ جمعہ چھوڑ دینا قابلِ سزا جرم تصور کیا جائے گا۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نماز چھوڑنے والے مردوں کے خلاف عوامی رپورٹس یا گشتوں کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس حوالے سے ریاستی ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد خلیل عبدالہادی کا کہنا ہے کہ سزا سے قبل یاد دہانی اہم ہے کیونکہ جمعے کی نماز نہ صرف ایک مذہبی علامت ہے بلکہ مسلمانوں کے درمیان فرمانبرداری کا اظہار بھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعے کی نماز نہ پڑھنے والوں کو سزا صرف اس صورت دی جائے گی جب لوگوں کو جمعے کی نماز پڑھنے کی یاد دہانی دی جائے لیکن اس کے باوجود وہ نماز ادا نہ کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اس ریاست میں 3 مرتبہ نمازِ جمعہ چھوڑ دینے والے افراد کو سزا دی جاتی تھی۔