سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرماسنگھے کو سرکاری فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے الزام میں سی آئی ڈی نے گرفتار کر لیا۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق رانیل وکرماسنگھے زیرِ تفتیش بیان ریکارڈ کروانے سی آئی ڈی کے دفتر پہنچے تھے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 2023ء میں وکرماسنگھے نے اپنی اہلیہ کی ایک برطانوی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا دورہ کیا تھا جس کے اخراجات مبینہ طور پر ریاستی خزانے سے ادا کیے گئے۔
سی آئی ڈی کا کہنا ہے کہ اس نجی دورے کے دوران ان کے محافظوں کے اخراجات بھی سرکاری خزانے سے پورے کیے گئے تھے تاہم وکرماسنگھے کا مؤقف ہے کہ اہلیہ کے سفری اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے اور سرکاری فنڈز استعمال نہیں کیے۔
پولیس کے مطابق انہیں آج کولمبو فورٹ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ عوامی احتجاج کے بعد صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے مستعفی ہونے پر رانیل وکرماسنگھے جولائی 2022ء میں صدر بنے تھے۔