پاکستان کرکٹ ٹیم نے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کی قیادت میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں اتوار کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ اس کا پہلا اور اہم میچ ہے۔
جمعے کو آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس سے قبل ہوٹل میں ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے درمیان ایک اہم سیشن منعقد ہوا، جہاں کھلاڑیوں نے کھل کر گفتگو کی، جس میں بیٹرز نے برملا اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔
انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کے مکمل اعتماد کا شکریہ ادا کیا، جہاں کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں سے کہا کہ اسٹرائیک کو روٹیٹ کرنا آنے والے مقابلوں میں اہم ہو گا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ بلے بازوں کے لیے کنڈیشنز آسان ہرگز نہیں ہیں، جس پر ٹیم کے اہم کھلاڑی کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیم کو بڑی اننگز کی اشد ضرورت ہے اور آنے والے مقابلوں میں بھرپور کوشش ہوگی کہ ناصرف وکٹ پر ٹہھرا جائے بلکہ سنگلز اور ڈبلز کو بھی لیا جائے۔
کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم سے سپر فور مرحلے میں عمدہ کھیل کی توقع کا اظہار کیا، جس پر کھلاڑیوں کا خیال تھا کہ آنے والے میچز میں بھرپور انداز میں اپنا کھیل پیش کریں گے اور ٹیم کو فتح کے راستے پر گامزن کریں گے۔
واضح رہے کہ گروپ میچز کے دوران بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔