ایشیا کپ 2025ء میں کرکٹ کے متوالوں کو سب سے زیادہ شدت سے انتظار روایتی حریفوں یعنی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو ہونے والے میچ کا ہے۔
ایشیا کپ 2025ء کا آغاز 9 ستمبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا جہاں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ اومان کے خلاف 12 ستمبر جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ دبئی میں، میزبان ٹیم کے خلاف 10 ستمبر کو کھیلے گی۔
یاد رہے کہ بھارت میں پاکستان کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، پہلے بھارتی میڈیا پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیا کپ منسوخ ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارتی وزارتِ کھیل نے وضاحت کی ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ بغیر کسی رکاوٹ کے کھیلا جائے گا البتہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز پر پابندی بدستور جاری رہے گی۔
اسی فیصلے پر سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواڑی نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
منوج تیواڑی نے بھارتی وزارتِ کھیل کے فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے، ’انسانی جان کی قیمت صفر ہے۔‘
تیواڑی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنے ملک کی ہی وزارت کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، ’مجھے حیرت ہے کہ یہ میچ کھیلا جارہا ہے، پہلگام حملے کے بعد کہا جا رہا تھا کہ اس بار سخت جواب دیا جائے گا مگر چند ماہ بعد ہی بھارت سب بھول گیا، کھیل سے بڑھ کر انسانی جان کی قدر ہونی چاہیے، میرے لیے یہ ناقابلِ یقین ہے کہ یہ میچ ہوگا، میں تو بالکل بھی یہ میچ نہیں دیکھوں گا۔‘