• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: جگر عطیہ کرنے کی کوشش، ٹرانسپلانٹ سرجری کے دوران شوہر سمیت بیوی بھی چل بسی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی شہر پونے میں شوہر کو جگر کا ٹکڑا بطور عطیہ دینے والی خاتون نجی اسپتال میں جگر کی پیوندکاری کے بعد شوہر سمیت جان کی بازی  ہار گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شوہر کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کرنے والی خاتون، کامنی اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی، چند روز قبل ہی کامنی نے اپنے شوہر، بپو کومکر کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کیا تھا، اس کے شوہر کی بھی موت واقع ہو گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ماہ 15 اگست کو بپو کمار نامی مریض کا جگر ٹرانسپلانٹ ہوا جس کے لیے اس کی اہلیہ، کامنی کومکر نے اپنا جگر عطیہ کیا تھا۔

سرجری کے دو دن بعد بپو کومکر کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ چل بسا، اس کے کچھ دن بعد ہی کامنی کومکر کو بھی انفیکشن ہو گیا اور وہ 21 اگست کو دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بپو اور کامنی کے اہل خانہ نے نجی اسپتال پر الزام عائد کیا کہ معاملہ طبی لاپروائی کا ہے۔

دوسری جانب نجی اسپتال کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ دونوں آپریشنز ’طبی اصولوں کے مطابق‘ انجام دیے گئے تھے اور متاثرہ خاندان کو پہلے ہی خطرات سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا تھا۔ 

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بپو کومکر ایک ہائی رسک مریض تھا جسے کئی طبی پیچیدگیاں لاحق تھیں۔

اسپتال کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ بپو کومکر کو سرجری کے بعد ’کارڈیو جینک شاک‘ ہوا اور انہیں بچایا نہ جا سکا۔

کامنی کومکر ابتدائی طور پر بہتر ہو رہی تھیں لیکن بعد میں انہیں ’سیپٹک شاک‘ اور ’ملٹی آرگن ڈس فنکشن‘ ہو گیا جس پر قابو پانا ناممکن تھا۔

اسپتال نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کومکر خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مہاراشٹرا کے محکمۂ صحت نے نجی اسپتال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محکمۂ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ناگناتھ یمپلے نے نجی اسپتال کو مریض اور ڈونر سے متعلق تمام معلومات، ویڈیو ریکارڈنگز اور علاج کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید