• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: نوئیڈا واقعے کے بعد جہیز کیلئے ایک اور خاتون کو زندہ جلانے کی کوشش

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر نوئیڈا میں نکی بھاٹی کے ہولناک قتل کے محض چند دن بعد ہی اتر پردیش سے جہیز کے لالچ میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق  ریاست اترپردیش کے گاؤں میں ایک پولیس کانسٹیبل نے اپنی بیوی کو آگ لگا دی، 32 سالہ متاثرہ خاتون، پارول ایک تربیت یافتہ نرس ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ کے شوہر دیویندر یوپی پولیس میں کانسٹیبل ہے جو چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا، اسی دوران اس نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ مل کر جہیز کی مانگ پوری نہ ہونے پر پارول کو زندہ جلانے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون، پارول کے بھائی کی شکایت پر دیویندر، اس کی والدہ اور چار دیگر رشتہ داروں کے خلاف گھریلو تشدد اور اقدامِ قتل کے سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق تمام ملزمان فی الحال مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون کی والدہ کے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ہمیں بیٹی کو سسرالیوں کی جانب سے زندہ جلائے جانے کی اطلاع محلے داروں نے دی، جب  بیٹی کے پاس پہنچے تو وہ بری طرح سے جھلس چکی تھی اور تکلیف میں تڑپ رہی تھی، وہ اب بھی اسپتال میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پارول کی شادی تقریباً 13 سال قبل دیویندر سے ہوئی تھی اور ان کے جڑواں بچے، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید