بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک لالچی شوہر نے جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے بیوی کو باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور دہکتے چاقو سے جسم کو متعدد بار داغ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 سالہ متاثرہ خاتون، خوشبو پِپلیہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ نشے میں دھت پہلے اس کے شوہر نے اسے لاتوں اور مکوں سے مارا، پھر گھسیٹ کر کچن میں لے گیا، شوہر نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھے اور اسلحے کے زور پر دہکتے ہوئے چاقو سے متعدد بار اس کا جسم جلایا۔
خوشبو کے مطابق اس دوران شوہر بار بار کہتا رہا کہ میں اسے پسند نہیں ہوں اور اس کے والدین نے اس کی شادی زبردستی کی ہے۔
متاثرہ خاتون خوشبو نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ شوہر کے تشدد کے وقت گھر کے دیگر افراد بھی موجود تھے لیکن کسی نے مداخلت نہیں کی، شدید زخمی حالت میں وہ صبح تقریباً ساڑھے چار بجے خود کو رسیوں سے آزاد کرنے میں کامیاب ہوئی اور گھر کے ایک ملازم سے موبائل فون لے کر اپنے اہلِ خانہ کو اطلاع دی۔
مدھیہ پردیش کی پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے گھر والوں کی جانب سے اطلاع موصول ہونے پر پہلے خوشبو کو اسپتال لے جانے کا کہا تاکہ اسے طبی امداد دی جا سکے۔
اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ خوشبو کے جسم پر بازوؤں، ٹانگوں اور دھڑ پر جلنے کے کئی نشانات ہیں۔
دوسری جانب خوشبو کے والد لوکیش ورما نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان کی بیٹی پر تشدد جہیز کی مانگ پوری نہ کرنے اور شوہر کی ناپسندیدگی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب وہ مقدمہ درج کروانے گئے تو کچھ افراد نے انہیں دھمکیاں دیں، متاثرہ لڑکی کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس سخت کارروائی کرے اور ان کی بیٹی کو انصاف دلایا جائے۔