اوول آفس میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دائیں ہاتھ کی پشت پر واضح گہرا نیلا داغ (Bruise) دیکھا گیا، ان کی تازہ ترین تصاویر اور ویڈیوز نے صحت پر سوالات کھڑے کردیے۔
79 سالہ صدر کے ہاتھ پر یہ سیاہ داغ گزشتہ چند مہینوں سے وقفے وقفے سے نظر آ رہا ہے، کئی مواقع پر ٹرمپ نے اسے میک اپ کے ذریعے چھپایا بھی ہے۔
حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ جب رپورٹرز سے گفتگو کر رہے تھے تو اکثر اپنے بائیں ہاتھ کو دائیں ہاتھ کے اوپر رکھ کر اسے ڈھانپنے کی کوشش کرتے رہے۔
اس سے قبل ہفتے کے روز انہیں ہاتھ پر میک اپ لگائے دیکھا گیا تھا، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ بار بار ابھرنے والے اس داغ کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ داغ اس وقت بھی نمایاں تھا جب ٹرمپ نے اوول آفس میں جنوبی کوریا کے صدر کا خیر مقدم کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس اور صدر ٹرمپ کے معالج کا کہنا ہے کہ صدر کی صحت بہترین ہے اور یہ داغ محض بار بار ہاتھ ملانے اور روزانہ اسپرین لینے کی وجہ سے ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق یہ معمولی Soft Tissue Irritation ہے، جو زیادہ ہینڈ شیکنگ اور اسپرین کے استعمال کی وجہ سے ہوتی ہے، یہ ایک عام اور بےضرر ہے۔
اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ صدر شاید کسی میڈیکل ٹریٹمنٹ سے گزر رہے ہیں یا ان کے خون کے بار بار ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔
ٹرمپ حال ہی میں اس مرض میں مبتلا ہونے کا اعتراف کر چکے ہیں جسے Chronic Venous Insufficiency کہا جاتا ہے، جس میں ٹانگوں کی رگیں خون کو مؤثر طریقے سے دل تک واپس نہیں پہنچا پاتیں اور سوجن پیدا ہوتی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ مرض ہاتھ پر داغ سے متعلق نہیں ہے۔