ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کیلی وولف اور اسکاٹ وولف کے درمیان علیحدگی کا معاملہ سوشل میڈیا سے ہوتا ہوا، پولیس تک پہنچ گیا، سابق شوہر کا نمبر مبینہ طور پر شیئر کرنے پر اداکارہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریئلٹی شو ’’ریئل ورلڈ‘‘ کی سابقہ اسٹار کیلی وولف کو امریکی ریاست یوٹاہ کے شہر پارک سٹی میں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، 57 سالہ کیلی وولف پر سوشل میڈیا پر ہراساں کرنا اور ذاتی معلومات کو عیاں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اداکارہ نے اپنی گرفتاری سے قبل فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے تفتیشی حکام سے بات چیت کے اسکرین شاٹس بھی لگائے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں’’خوف زدہ اور الجھن کا شکار‘‘ ہوں مجھے معلوم نہیں کہ پولیس کیوں آئی ہے۔
کیلی وولف نے کہا کہ وہ نہ خودکشی کی کوشش کریں گی، نہ کسی کے لیے خطرہ ہیں، اور نہ ہی کوئی جرم کیا ہے۔
گرفتاری سے کچھ دیر قبل کیلی نے انسٹاگرام پر اپنے سابق شوہر اسکاٹ وولف کے فون نمبر بھی شیئر کر دیے اور سخت بیانات دیے۔
خیال رہے کہ اداکارہ کیلی وولف اور اداکار اسکاٹ وولف نے 2004 میں شادی کی تھیم دونوں کے تین بچے ہیں۔ تاہم رواں سال جون میں اسکاٹ وولف نے طلاق کی درخواست دائر کی اور عدالت نے بچوں کی عارضی کسٹڈی باپ کے حوالے کی۔ کیلی نے سوشل میڈیا پر الزام لگایا کہ وہ کئی ماہ سے اپنے بچوں سے نہیں مل سکیں۔