قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے سلسلے میں کل ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں یہ بات بتائی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب کی صورتِ حال کی وجہ سے این ایف سی کا اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق سندھ حکومت نے سیلاب کی موجودہ صورتِحال کی وجہ سے اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ 2009ء میں ساتواں این ایف سی ایوارڈ طے پایا تھا اور 2010ء میں نافذ ہوا تھا لیکن اس کے بعد ہر 5 سال بعد نئے ایف سی ایوارڈ کے لائے جانے کے بجائے اسی میں توسیع کی جا رہی تھی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رواں ماہ 11 واں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قومی مالیاتی کمیشن کے ارکان کی تعداد 9 ہو گی، وفاقی وزیرِ خزانہ قومی مالیاتی کمیشن کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔