بھارتی دارالحکومت دہلی میں سالگرہ میں تحائف کے تبادلے پر جھگڑے پر شوہر نے مبینہ طور پر بیوی اور ساس کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے علاقے روہنی میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی اور ساس کو معمولی گھریلو تنازع کے بعد قینچی مار کر قتل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق جھگڑا چند روز قبل بیٹے کی سالگرہ پر دونوں خاندانوں کے درمیان تحائف کے تبادلے پر ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ روز شام 4 بجے کے قریب ایک شخص نے فون پر اطلاع دی کہ روہنی کے ایک فلیٹ میں اس کی والدہ اور بہن کا قتل ہو گیا ہے۔
پولیس جب موقع پر پہنچی تو انہیں وہاں پر 63 سالہ کسوم اور 34 سالہ پریا سہگل کی خون میں لت پت لاشیں نظر آئیں۔
کال کرنے والے شخص میگھ سنہا کا کہنا تھا کہ 28 اگست کو اس کے بھانجے کی سالگرہ تھی، جس میں تحائف کے معاملے پر اس کی بہن کا اپنے شوہر سے جھگڑا ہوا تھا، اس کی والدہ پریا اور اس کے شوہر یوگیش سہگل کے درمیان جھگڑا ختم کروانے کے لیے ان کے گھر رُکی ہوئی تھیں، جب میں نے انہیں فون کیا تو رابطہ نہ ہونے پر میں بہن کے گھر پہنچا جہاں باہر سے دروازہ بند تھا اور تالے پر خون کے دھبے لگے ہوئے تھے، تالا توڑنے پر دونوں خواتین کی لاشیں اندر سے برآمد ہوئیں۔
پولیس نے ملزم یوگیش سہگل کو گرفتار کر لیا ہے، اس کے خون آلود کپڑے اور واردات میں استعمال ہونے والی قینچی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یوگیش اس وقت بے روزگار ہے اور واردات کی بنیادی وجہ گھریلو تنازع معلوم ہوتی ہے۔
پریا کے بھائی ہمالیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی والدہ ایک دن پہلے بہن کے گھر گئی تھیں تاکہ میاں بیوی کے جھگڑے کو سلجھا سکیں، لیکن یہ بدقسمتی ہوئی کہ دونوں واپس نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن کی 17 سال قبل یوگیش سہگل سے شادی ہوئی تھی، شادی شدہ زندگی میں جھگڑے سب کے ہوتے ہیں، لیکن اپنی بیوی اور ساس کو بے دردی سے قتل کر دینا انسانیت کے خلاف ہے۔
پولیس نے جائے وقوع سے فارنزک شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔