پنجاب کے وزیر مواصلات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا ہے کہ سیلاب اور مون سون بارشوں سےصوبے میں اب تک 510 شاہراہیں اور 64 پُل متاثر ہوئے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صوبے میں مجموعی پر ایک ہزار 21 کلومیٹر شاہراہیں سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں 16شاہراہوں کے پورشن متاثر ہوئے جبکہ متاثر ہونے والی کُل 510 شاہراہوں میں سے اب تک 50 سے زائد شاہراہیں بحال کی جاچکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں پانی موجود ہے، وہاں پانی کم ہونے پر بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب اور بارشوں سے چھوٹے بڑے 64 پُل بھی متاثر ہوئے، جن میں سے40 پُلوں کی مرمت کرکے ٹریفک بحال کر دی گئی جبکہ 24 پلوں کامرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔