آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ہڈور گاؤں کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا، حادثے میں 2 میجر سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ آج صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں میجر عاطف اور میجر فیصل سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شہداء میں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، ہیلی کاہٹر کو حادثہ ٹھک داس کینٹ سے تقریباً 12 کلو میٹر دور ہُڈور گاؤں کے قریب پیش آیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق تربیتی مشنز آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، تربیتی مشنر آپریشنل سپورٹ اور قدرتی آفات میں ریلیف آپریشنز سمیت مختلف کاموں کو سرانجام دینے کے لیے ضروری ہیں۔ پاک فوج ہر پہلو پر اپنی تیاری کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت میں آرمی ایوی ایشن کے تربیتی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر عاطف، میجر فیصل، فلائٹ انجینئر مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک امیر کی درجات بلندی کی دعا کی۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی
واضح رہے کہ 15 اگست کو خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں سے واپسی پر ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر نے 20 منٹ کی پرواز کی تھی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ خراب موسم اور شدید دھند کے باعث پیش آیا، شہید افراد کے ڈی این اے سیمپل ٹیسٹ کے لیے لاہور بھجوا دیے گئے ہیں، شہداء میں پائلٹس شاہد سلطان اور ریٹائرڈ ونگ کمانڈر آفتاب شامل ہیں۔