• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ٹیرف ختم ہوئے تو امریکا مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا‘، ٹرمپ کا عدالتی فیصلے پر ردعمل

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل اپیلز کورٹ کے محصولات کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے دورِ حکومت میں لگائے گئے محصولات ہٹا دیے گئے تو امریکا مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا اور اِس کی عسکری طاقت فوراً ختم ہو جائے گی۔

ٹرمپ نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کہا کہ سات کے مقابلے میں چار کے فیصلے میں ’ریڈیکل لیفٹ ججز‘ نے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن ایک ڈیموکریٹک جج نے ملک کو بچانے کے لیے میرے مؤقف کی حمایت کی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرمپ نے ’انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ (IEEPA)‘ کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے درآمدی محصولات عائد کیے تھے اور آئینی حدود سے تجاوز کیا ہے کیونکہ آئین کے مطابق محصولات اور ٹیکس عائد کرنے کا اختیار کانگریس کے پاس ہے، صدر کے پاس نہیں۔

ٹرمپ نے عدالت کے فیصلے کو ’انتہائی جانبدارانہ‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تمام محصولات اب بھی نافذ ہیں اور امریکا یہ قانونی جنگ بالآخر جیت لے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ محصولات کے خاتمے سے امریکا مالی طور پر کمزور ہو جائے گا اور عالمی سطح پر اپنی طاقت کھو بیٹھے گا۔

یاد رہے کہ وفاقی عدالت نے اپنے فیصلے پر فوری عملدرآمد روک دیا ہے جس سے ٹرمپ کو سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا موقع مل گیا ہے، یہ تاخیر اکتوبر تک برقرار رہے گی۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید