بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں مشترکہ تربیت و اجتماعی ترقی پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، ایئر چیف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بحرین فضائیہ کی آپریشنل تیاریاں بڑھانے کیلئے پاک فضائیہ کے بھرپور آپریشنل تجربات سے سیکھنے کے خواہاں ہیں۔ چیف آف اسٹاف بحرین ڈیفنس فورس نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین ڈیفنس چیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انھوں نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔