وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے 2 طریقے بتادیے اور کہا کہ ہم بہت جلد سرخرو ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جن دو طریقوں سے رہا ہوں گے، ان میں سے پہلا طریقہ آئین اور قانون پر عمل داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت قانون نام کی کوئی چیز نہیں آتی ہے، جس دن قانون کی حکمرانی ہوگی، بانی چیئرمین ہمارے درمیان ہوں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ آئینی اور قانونی طریقہ ہی ہے، جس سے بانی چیئرمین کی باعزت رہائی یقینی ہوگی اور جھوٹے کیسز زمین بوس ہوجائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا دوسرا طریقہ اسٹیبلشمنٹ سے سمجھوتا ہے، جو ممکن نظر نہیں آتا ہے، بانی نظریے پر کھڑے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چیئرمین بچوں کے مستقبل کےلیے قید برداشت کر رہے ہیں، ہم بھی نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، جیت ان شاء اللّٰہ ہماری ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد سرخرو ہوں گے، عوام نے گھبرانا نہیں اور کوشش جاری رکھنی ہے۔