• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سامعہ حجاب کا حسن زاہد سے منگنی کا اعتراف، پیسے لینے سے انکار

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے حسن زاہد سے منگنی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ منگنی کے بعد معلوم ہوا کہ یہ انسان کیسا ہے جس پر میں نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز حسن زاہد کی جانب سے تحائف وصول کرتے اور گھومنے پھرنے کی ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ٹک ٹاکر نے نئی ویڈیو اور اسٹوریز شیئر کی اور کہا کہ کچھ بھی جاننے سے قبل جج نہ کریں، جھوٹے الزام نہ لگائیں۔ میں پہلے ہی ذہنی دباؤ سے گزر رہی ہوں، سب کچھ بتاؤں گی، انصاف مل کر رہے گا۔

انہوں نے ایک اور انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو جس میں انہوں نے حسن زاہد کا گلاب کے پھول بھیجنے پر شکریہ ادا کیا ہے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ یہ 17 جون کی ویڈیو تھی اس وقت ہماری لڑائی چل رہی تھی لیکن میں زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتی۔

سامعہ کے مطابق حسن کے اہلِ خانہ کل تک جس لڑکی کو اپنے گھر کی عزت بنانا چاہتے تھے آج اس کے کردار پر انگلی اُٹھا رہے ہیں۔


ٹک ٹاکر نے ایک نئی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں انہوں نے حسن سے تحائف اور پیسے وصول کرنے سے متعلق بات کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر میرا ثناء یوسف کی طرح قتل ہوجاتا تو سب کی ہمدردیاں میرے ساتھ ہوتی، کیونکہ میں زندہ ہوں اس لیے مجھے ہر چیز کی وضاحت دینی پڑ رہی ہے۔ کل جب مجھے اغواء کیا گیا اس وقت سب نے میرا ساتھ دیا لیکن بعض افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے کئی سوالات اُٹھائے۔

ٹک ٹاکر کا کہنا ہے کہ اگر ایک لڑکی کسی کے نکاح میں بھی ہو تب بھی کسی کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ اسے اس کے گھر سے اغوا کرکے لے جائے، ہمارے معاشرے میں ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جہاں شادی کے بعد عورتوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب ہم کسی سے شادی کا فیصلہ کرتے ہیں تو وقت طلب کرتے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ سامنے والا کیسا انسان ہے۔ میری حسن زاہد سے منگنی ہوئی تھی، ہم دونوں کے خاندانوں میں بات چیت ہوئی ہم نے 4 سے 5 سال کا وقت مانگا تھا لیکن جب حسن کی حقیقت کا اندازہ ہوا تو میں نے شادی سے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کل کو شادی کے بعد وہ مجھ پر تشدد کرتا اس سے سے بہتر ہے کہ میں آج اپنے حق کے لیے لڑ رہی ہوں۔

حسن سے پیسے وصول کرنے کے الزام کو انہوں نے مسترد کیا اور کہا کہ حسن نے منگنی کے نام پر ایک سونے کی انگوٹھی دی تھی اس کے علاوہ آج تک کوئی تحفہ یا کچھ نہیں دیا بلکہ حسن زاہد ایک چور ہے، گاڑی اور پیسوں کی چوری کا الزام اس پر ہے۔

سامعہ حجاب کا کہنا تھا کہ میں خود اپنے پیسے کماتی ہوں، تو مجھے ایک چور سے پیسے لینے کی کیا ضرورت ہے؟ اگر آج میں مر جاتی تو آپ سب میری حمایت کرتے، جس طرح ثناء کی حمایت کی لیکن اس وقت بھی کچھ لوگ ثناء پر الزام لگا رہے تھے کہ ثناء اس لڑکے کے رابطے میں تھی، اگر وہ لڑکے کے رابطے میں بھی تھی تب بھی اسے گھر سے اُٹھانے یا قتل کرنے کا حق کس نے دیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ رشتے ہوتے ہیں، شادیاں ہوتی ہیں، منگنیاں ہوتی ہیں اور ٹوٹ بھی جاتی ہیں۔ کوئی بھی عورت ایسے مرد کو برداشت نہیں کرے گی جو اس پر تشدد کرتا ہو۔ کوئی کبھی اپنی بہن بیٹی کا رشتہ ایسے شخص کو نہیں دے گا۔ میری ماں بیمار تھی اور یہ بندہ مجھے گھر سے اغوا کرکے لے گیا، مجھے دھمکیاں دی، میرا فون چوری کیا۔

انہوں نے درخواست کی کہ اگر کوئی میرے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا تو میرے لیے مشکلات بھی کھڑی نہ کرے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید