اسلام آباد پولیس سے مدد کی اپیل کرنے والی ٹک ٹاکر سامعہ حجاب ہراسگی کیس میں کہانی کا دوسرا رخ بھی سامنے آگیا۔
حال ہی میں انٹرنیٹ پرسنیلٹی سامعہ حجاب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے مدد طلب کی تھی اور کہا تھا کہ شادی سے انکار پر لاہور سے تعلق رکھنے والے حسن زاہد نامی شخص نے مجھ پر تشدد کیا اور قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔
سامعہ حجاب کی شکایت پر اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر حسن زاہد کے خلاف مقدمہ درج کیا اور قتل اور اغوا کی دھمکیاں دینے کے الزام میں اسے گرفتار کرلیا۔
تاہم اب سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جو مختلف مختصر ویڈیو کلپس پر مشتمل ہے، جس میں کہانی کا دوسرا رُخ سامنے آیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کے مطابق ملزم بار بار تحائف دے کر سامعہ حجاب پر دباؤ نہیں ڈال رہا تھا بلکہ سامعہ اپنی مرضی سے اس سے تحائف وصول کرتی رہی ہیں۔
ویڈیو میں دونوں کو ایک ساتھ سگریٹ نوشی کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک ویڈیو میں سامعہ کو یہ کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے کہ میرا موڈ آف تھا اور میرے اچھے دوست نے مجھے گلاب کے پھول بھیج دیے اور صرف 1 یا 2 نہیں بلکہ پورا باغیچہ بھیج دیا ہے۔ ایک ویڈیو میں حسن زاہد ویڈیو کال پر موجود ہے جبکہ کیپشن میں شکریہ لکھا ہوا ہے اور ساتھ ہی حسن زاہد کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کو ٹیگ کیا گیا ہے۔
ادھر پولیس ترجمان کے مطابق سامعہ حجاب کی شکایت اور ویڈیو بیان موصول ہونے کے بعد کارروائی کی گئی۔
اس سلسلے میں تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 354 (خواتین کی عزت مجروح کرنے کی نیت سے حملہ یا زبردستی)، 365 (اغوا)، 392 (ڈکیتی کی سزا)، 500 (ہتکِ عزت کی سزا)، 509 (خواتین کو ہراساں کرنے) اور 511 (ناکام مجرمانہ کوشش) شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔