کراچی میں بوسٹن سائنٹیفک کے تیار کردہ موٹاپے سے نمٹنے کے جدید طریقہ علاج، اینڈو اسکوپک اسلیو گیسٹرو پلاسٹی کا آغاز کر دیا۔
امریکی قونصل جنرل چارلس گُڈمَن نے کراچی کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ گیسٹرو اینٹیرولوجی میں اینڈو اسکوپک اسلیو گیسٹروپلاسٹی کے جدید طریقۂ علاج کا آغاز کیا۔
نسبتاً آرام دہ یہ طریقۂ علاج موٹاپے سے متاثرہ مریضوں کے لیے نئی امید کا باعث ہے۔
سندھ انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ گیسٹرو اینٹیرولوجی کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا یہ طریقۂ علاج پاکستان کے شعبۂ صحت میں اہم سنگِ میل ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بڑے موٹاپے اور اس سے جُڑی بیماریوں سے نجات فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل گُڈمَن نے امریکی کمپنیوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا جو موٹاپے اور اس سے جُڑی بیماریوں جیسے عوامی صحت کے بڑے مسائل سے نمٹنے میں پیش پیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اینڈو اسکوپک اسلیو گیسٹرو پلاسٹی کے آغازسے بوسٹن سائنٹیفک اور سئیگ کا یہ تعاون امریکا اور پاکستان کی مضبوط شراکت داری کو ظاہر کرتا ہے۔