• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے سمندر میں پھینک دیے

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بھونڈی میں شوہر نے بیوی کا گلا کاٹ کر لاش کے ٹکڑے کرکے سمندر کنارے پر پھینک دیے، پولیس کو خاتون کا کٹا ہوا سر مل گیا۔

 بھونڈی کے عیدگاہ روڈ کچی آبادی اور ذبح خانہ کے قریب گزشتہ روز ایک خاتون کا کٹا ہوا سر ملا، جس کے بعد پولیس نے اس کے شوہر کو حراست میں لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنی بیوی کا گلا کاٹ کر لاش کے ٹکڑے کرنے اور انہیں سمندر  میں پھینکنے کا اعتراف کیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 22 سالہ مسکان کے طور پر ہوئی جو اپنے شوہر کے ساتھ جائے وقوعہ سے چند میٹر کے فاصلے پر رہتی تھی، اس کی والدہ نے لاش کے ٹکڑوں کی شناخت کی۔

مسکان کی شادی دو سال قبل 25 سالہ ڈرائیور سونو سے ہوئی تھی۔ گھریلو جھگڑوں کے باعث وہ اپنے ایک سالہ بیٹے کے ساتھ الگ مکان میں رہنے لگی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسکان کی والدہ نے اطلاع دی تھی کہ وہ دو دن سے لاپتہ ہے، فون بند ہے اور شوہر تعاون نہیں کر رہا۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا تو اس نے قتل کا اعتراف کر لیا، تاہم اس کے بیانات متضاد ہیں اور اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کا کہنا ہے کہ ملزم کبھی کہتا ہے بیوی بچوں کو مارتی تھی، کبھی کہتا ہے وہ نشہ کرتی تھی، مگر اصل حقیقت تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال خاتون کا صرف سر برآمد ہوا ہے جبکہ باقی جسم کے حصے اور آلۂ قتل کی تلاش جاری ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ، فارنزک ٹیم، ڈاگ اسکواڈ اور ڈرون کی مدد سے لاش کے دیگر حصوں کو تلاش کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید