پاکستان کے معروف سوشل میڈیا اسٹار اور انٹرٹینر چاہت فتح علی خان، جو اپنے مزاحیہ انداز اور گانوں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔
ان کا گایا ہوا گانا ’بدو بدی‘ دنیا بھر میں وائرل ہوا جو مداحوں کی پسندیدہ ملکہ ترنم نُورجہاں کے مشہور گانے کا ری میک تھا۔ اس گانے پر دنیا بھر میں لاکھوں مزاحیہ ایڈیٹس بنائے گئے اور یہ گانا عالمی سطح پر چاہت فتح علی خان کی پہچان بنا۔
چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے گلوکار علی حیدر کے بیان پر دلچسپ انداز میں ردعمل دیا۔
چاہت فتح علی خان نے حیرت سے کہا، ’علی حیدر، وہ چھوٹے قد والے آدمی جو اب کراچی سے امریکا شفٹ ہوگئے ہیں، انہوں نے وہ مشہور گانا بھی گایا تھا جس میں پھٹی جینز اور شرٹس کی بات کی گئی تھی، میرا خیال ہے اب انہوں نے گانا گانا چھوڑ دیا ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا، ’علی بھائی، میں امریکا آ رہا ہوں اور جہاں تک 20 کروڑ کا سوال ہے، تو میں غریب آدمی ہوں، اتنے پیسے نہیں دے سکتا، لیکن دعا ہے کہ اللّٰہ انہیں خوش رکھے اور لمبی زندگی دے۔‘
واضح رہے کہ حال ہی میں علی حیدر نے کہا تھا کہ وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ 20 کروڑ روپے ملنے پر بھی ڈو ائٹ (ایک ساتھ گایا جانے والا گانا) نہیں کریں گے۔