بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ ہیما مالنی نے دہلی میں اپنے شوہر اور فلمی ستارے دھرمیندر کے اعزاز میں دعائیہ تقریب منعقد کی، جس میں ان کے اہل خانہ، ساتھی اداکار اور دیگر معزز شخصیات نے ان کی شاندار زندگی اور سینما میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران ہیما مالنی نے جذباتی خطاب کرتے ہوئے آنسوؤں کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اس پرارتھنا سبھا میں میں آپ سب کو خوش آمدید کہتی ہوں اور میں بہت ہی جذباتی ہو رہی ہوں۔
ہیما مالنی نے دھرمیندر کے کردار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دھرم جی نے کبھی خود کو دوسروں سے الگ نہیں سمجھا، وہ زندگی بھر عظیم شخصیت کے مالک رہے، امیر غریب جاننے والے اجنبی سب سے محبت، عزت اور وقار کے ساتھ بات کی یہی ان کی شخصیت تھی۔
اداکارہ نے ان کے ساتھ اپنی طویل پیشہ ورانہ وابستگی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میری ان کے ساتھ وابستگی 57 سال پر محیط ہے، جب میں فلم انڈسٹری میں آئی، تو زیادہ تر کام انہی کے ساتھ کیا، ہم تقریباً 45 فلموں میں ساتھ کام کر چکے ہیں، جس میں سے 25 سپر ہٹ ہوئیں، انڈسٹری نے ہمیں کامیاب اسکرین جوڑی کے طور پر پسند کیا اور شائقین نے بے پناہ محبت دی۔
ہیما مالینی نے دھرمیندر کے فلمی کیریئر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں بے شمار کردار ادا کیے، چاہے رومانوی ہو یا ایکشن فلمیں، وہ ہر کردار میں کامیاب رہے، مگر کامیڈی ان کا اصل شوق تھا، کیمرے کے سامنے وہ زندہ ہو جاتے تھے اور جو بھی کردار ملے، اس میں جان ڈال دیتے تھے۔
انہوں نے دھرمیندر کی ایک خوبی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وقت کے ساتھ ان کی شخصیت کا ایک چھپا ہوا پہلو سامنے آیا وہ شاعری لکھنے لگے، ان کی خاص خوبی یہ تھی کہ وہ ہر موقع پر الفاظ کے ساتھ حاضر رہتے تھے، میں اکثر کہتی تھی کہ انہیں کتاب لکھنی چاہیے، شائقین ضرور پسند کرتے، وہ اس کام کے بارے میں بہت سنجیدہ تھے، مگر وہ کام ادھورا رہ گیا۔
یاد رہے دھرمیندر 24 نومبر 2025 کو 89 سال کی عمر میں بیماری کے بعد چل بسے تھے۔