بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر 2 لڑکیوں نے انڈا دے مارا، جس کے بعد پولیس نے 2 لڑکیوں کو حراست میں لے لیا، پی ٹی آئی نے ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دے دی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نے کارروائی کیلئے تھانہ صدر بیرونی میں درخواست دی۔
درخواست میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان پر نامعلوم افراد نے انڈوں سے حملہ کیا، نامعلوم افراد میں تین خواتین سمیت 7 سے 8 لوگ شامل تھے، نامعلوم افراد آج صبح سے ہی اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 پر موجود تھے۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد جیل کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں بھی نظر آ سکتے ہیں، جیل انتظامیہ اور پنجاب حکومت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر حملہ کروارہے ہیں، نامعلوم افراد اور پولیس کی زیر حراست خواتین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔