چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی فیملی کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان پر انڈا پھینکے جانے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ علیمہ خان پر حملہ افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے، ایسے واقعات سے سیاسی تناؤ مزید بڑھے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے اور ہزاروں دیہات اجڑ گئے، یہ وقت سیاست کا نہیں، انسانیت کی خدمت کا ہے۔
واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر 2 لڑکیوں نے انڈا دے مارا۔
علیمہ خان پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انڈا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد پولیس نے دونوں لڑکیوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا۔
علیمہ خان کی گفتگو کے دوران انڈا پھینکے جانے پر شور شرابا بھی کیا گیا۔
اس موقع پر علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں فکر نہیں کہ ہم پر کوئی حملہ کرے، ہمیں پتہ ہے کہ یہ ہو گا۔