کائنات آپؐ ہیں، زندگی آپؐ ہیں
آپؐ ہی آپؐ ہیں، آپؐ ہی آپؐ ہیں
کوئی چوکھٹ سے خالی نہیں لوٹتا
کتنے فیاض، کتنے سخی آپؐ ہیں
ہوگئی جس پر تکمیلِ پیغمبری
وہ رسول آپؐ ہیں، وہ نبی آپ ؐ ہیں
ہم نے دیکھے ہیں انسان تو اور بھی
فخر انسانیت واقعی آپؐ ہیں
ہم سے پُوچھیں ہماری تمنّا جو آپؐ
ہم ادب سے بتائیں کہ جی ، آپؐ ہیں
دل نے کس رخ سے دیکھا نہیں آپؐ کو
روشنی روشنی روشنی آپؐ ہیں
آپؐ کی شخصیت پر نچھاور شعورؔ
کیا بشر آپؐ ، کیا آدمی آپؐ ہیں