• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے کی کمی اور قیمتوں میں اضافے پر کےپی حکومت کا وفاقی حکومت سے رابطہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم کی کمی اور قیمتوں میں اضافے پر کے پی حکومت نے پنجاب اور وفاق حکومت کے ساتھ رابطہ کر لیا۔

خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری برائے محکمۂ خوراک، شاہ محمود خان نے ’جیونیوز‘ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ صوبے میں آٹے کی قیمت کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پنجاب اور وفاق حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے۔

سیکریٹری خوراک شاہ محمود نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کی جانب سے آٹے اور گندم کی ترسیل پر لگائی گئی پابندی ختم کی جائے۔

چیف سیکریٹری کےپی کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق کوئی بھی صوبہ غذائی اجناس کی ترسیل پر پابندی نہیں لگا سکتا، گندم اور آٹے سے متعلق کےپی کا 83 فیصد انحصار پنجاب پر ہے، ہمارے صوبےمیں آٹےکی قیمت بڑھ رہی ہے اور ہم مشکلات سے دو چار ہیں۔

چیف سیکریٹری کےپی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آٹے اور گندم پر پابندی فوری طور پر ہٹائے۔

دوسری جانب پنجاب کے چیف سیکریٹری نے جواب میں کہا ہے کہ ہم پنجاب میں گندم پر سبسڈی دے رہے ہیں، پابندی کا مقصد دیگر صوبوں کو سبسڈی والی گندم کی ترسیل روکنا ہے۔

اس پر چیف سیکریٹری کے پی کا کہنا ہے کہ آپ سبسڈی والی گندم کی ترسیل روکنے کے لیے اس پر ٹیگ لگا دیں۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب نے جواب میں کہا کہ ہمیں اپنی مِلز کے لیے گندم کی ضروریات فراہم کریں۔

اس پر چیف سیکریٹری کے پی کا کہنا ہے کہ ہم نے گندم کی اپنی ضروریات پنجاب کو فراہم کردی ہیں، صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کو بھی گندم اور آٹا بحران سےمتعلق آگاہ کیا ہے۔

سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت نےمعاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

قومی خبریں سے مزید