• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر امن کی راہ میں مستقل رکاوٹ بنا ہوا ہے: اعزاز چوہدری

اعزاز چوہدری — فائل فوٹو
اعزاز چوہدری — فائل فوٹو

سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر امن کی راہ میں مستقل رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی کتاب کی تقریبِ رونمائی اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ترجمان ایوان صدر مرتضیٰ سولنگی، انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے سربراہ جوہر سلیم و اہم شخصیات شریک ہوئے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات امن و کشیدگی کے درمیان جھولتے رہے۔ کشمیر تنازع دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے انکار کیا اور 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کی۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ عسکری علاقہ بن چکا ہے، جہاں آبادیاتی اور انتخابی انجینئرنگ جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہوا، بھارت مسلسل الزامات عائد کرتا رہا ہے، جبکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے۔

سابق سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں حالیہ برسوں میں بڑھتی دشمنی اور سرد مہری نمایاں ہے۔ باہمی احترام کی بنیاد پر دونوں ممالک میں امن کے خواہاں افراد اب بھی موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب تعلقات کی پیچیدگیوں، مکالمے و تعطل کے درمیان جھولتی تاریخ واضح کرتی ہے۔

اس موقع پر ترجمان ایوان صدر مرتضیٰ سولنگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی، بداعتمادی اور پراکسی جنگوں نے پُرامن مستقبل کے امکانات ختم کردیے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ امید اور مایوسی کے اتار چڑھاؤ نے خطے کو غیر مستحکم کر رکھا ہے۔ پاکستان اور بھارت کا پُرامن مستقبل صرف باہمی احترام کے فریم ورک میں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا پیغام بھارت کے لیے ہے کہ تکبر بھارت کی مدد نہیں کرے گا، اصل راستہ عاجزی اور انکساری ہے۔

قومی خبریں سے مزید