• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کے یمن پر حملے میں 35 افراد جاں بحق

اسرائیل کے یمن کے دارلحکومت صنعا اور الجوف صوبے پر حملے میں 35 افراد جاں بحق ہوگئے۔

یمن کی وزارت صحت کے مطابق ان حملوں میں 131 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا اور الجوف گورنریٹ میں فضائی حملے کیے۔

یہ حملے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے ایک دن بعد کیے گئے ہیں۔

یمن کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے صنعا اور الجوف میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، جس میں ایک طبی مرکز بھی شامل ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ اس نے یمن میں حوثی حکومت سے تعلق رکھنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق گزشتہ ماہ بھی اسرائیل نے ایک فضائی حملے میں یمنی حکام کو نشانہ بنایا تھا جس میں یمنی وزیر اعظم احمد الرحوی بھی شہید ہوئے۔

حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ کے لیے ان کی حمایت ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، لیکن انہوں نے غزہ پر اسرائیل کی جنگ ختم ہونے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ 72 گھنٹوں میں فلسطین، لبنان، شام، تیونس، قطر اور یمن سمیت 6 ممالک میں حملے کیے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید