سافٹ ویئر کمپنی اوریکل (Oracle) کے شریک بانی لیری ایلیسن کی امیر ترین شخص بننے کی خوشی ایلون مسک نے پھیکی کردی، کچھ ہی دیر بعد ٹیسلا کے بانی ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔
امریکی تاجر، کاروباری شخصیت، ٹیسلا، اسپیس ایکس اور مائیکرو بلاگنگ ایپ ایکس کے سی ای او ایلون ریو مسک گزشتہ روز کچھ گھنٹوں کے لیے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بننے کے بعد ایک بار امیر ترین شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اوریکل کے سہ ماہی مالی نتائج اور کمپنی کی مصنوعی ذہانت (AI) انفراسٹرکچر سروسز کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث ایلیسن لیری کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔
لیری ایلیسن کی دولت 89 ارب ڈالر سے بڑھ کر 383.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
گزشتہ روز دن کے ایک موقع پر اِن کی دولت 101 ارب ڈالر تک بڑھ گئی تھی جو بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کی تاریخ میں سب سے بڑا یومیہ اضافہ ثابت ہوا۔
اوریکل کے حصص میں بدھ کے روز 43 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا اور دن کے اختتام پر یہ 36 فیصد زائد پر بند ہوا جو 1992 کے بعد سب سے بڑی یومیہ چھلانگ تھی۔
اس اضافے کے ساتھ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 244 ارب ڈالر بڑھ گئی جس کے بعد اس کی مجموعی مالیت 922 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔
گزشتہ روز اوریکل کمپنی کے سب سے بڑے انفرادی حصص دار لیری ایلیسن نے اس شاندار کارکردگی کے باعث عارضی طور پر دنیا کے امیر ترین شخص کا درجہ حاصل کر لیا تھا تاہم دن کے اختتام پر ایلون مسک دوبارہ پہلی پوزیشن پر آ گئے اور اِن کی دولت 384.2 ارب ڈالر ریکارڈ ہوئی جو ایلیسن سے ایک ارب ڈالر زیادہ تھی۔
ایلون مسک نے پہلی بار 2021ء میں دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اس کے بعد سے زیادہ تر وقت یہ اعزاز ان کے پاس ہی رہا ہے۔
2021ء میں فرانسیسی بزنس ٹائیکون برنارڈ آرنو اور رواں سال ایمیزون کے بانی جیف بیزوس نے کچھ عرصے کے لیے یہ پوزیشن ایلون مسک سے چھین لی تھی جبکہ مسک نے گزشتہ سال دوبارہ یہ اعزاز واپس لیا اور 300 سے زائد دنوں تک اس پر قابض رہے۔