کتا……
بینک ے نکلتے ہی مجھے خطرے کا احساس ہوا۔
موٹرسائیکل پر سوار دو افراد مجھے گھورتے ہوئے آگے گئے،
پھر موٹرسائیکل گھمائی۔
میرے پاس اچھی خاصی رقم تھی۔
دفتر سامنے تھا لیکن قدم من من کے ہوگئے۔
موٹرسائیکل قریب آکر رکی۔
پیچھے بیٹھے شخص نے پستول نکال کر لہرایا۔
اچانک فٹ پاتھ پر بیٹھا کتا غرایا اور اس پر چھلانگ لگادی۔
موٹرسائیکل سوار گھبرا کے بھاگے۔
کتا بھونکتے ہوئے پیچھے بھاگا۔
لوگ جمع ہوگئے۔
پہلی بار دیکھا ہے کہ ایک آوارہ کتے نے کسی کی مدد کی، ایک صاحب نے کہا۔
میں نے بتایا، کل اسے بچی ہوئی روٹی ڈالی تھی۔