امریکی ریاست ٹینیسی کے بارودی مواد بنانے والے پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک، زخمی اور لاپتہ ہو گئے۔
حکام کے مطابق بعد میں ہونے والے مزید دھماکوں کے باعث ریسکیو ٹیموں کو جلتے ہوئے ملبے کے میدان کے قریب جانے سے روک دیا گیا۔
پہلا دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک محسوس کی گئی۔ دھماکا ایکیوریٹ اینرجیٹک سسٹم نامی کمپنی کے پلانٹ میں ہوا جو ٹینیسی کے دیہی علاقے میں واقع ہے۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق نیش وِل سے تقریباً 97 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع بک اسنورٹ نامی قصبے کے قریب جنگلاتی پہاڑیوں میں واقع یہ کمپنی 8 عمارتوں پر مشتمل ہے جو دھماکا خیز مواد بناتی اور اس کا تجربہ کرتی ہے۔
کاؤنٹی شیرف کے مطابق کچھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں، دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔