سوشل میڈیا پر خبر گردش کر رہی ہے کہ پاکستانی کرنسی نوٹوں پر کبھی اردو میں ’حصولِ رزقِ حلال عین عبادت ہے‘ لکھا ہوتا تھا لیکن اب نئے کرنسی نوٹوں سے اس عبارت کو ہٹا دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی اس خبر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے حلال اور حرام آمدنی کے درمیان فرق ختم ہوجاتا ہے۔
فیس بک پر ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پرانے نوٹوں پر ’حصولِ رزقِ حلال عین عبادت ہے‘ لکھا ہوتا تھا۔
صارف نے مزید لکھا کہ نئے نوٹوں سے یہ ہٹا دی گئی، حلال حرام کا فرق ہی ختم کر دیا گیا اور ہمیں پتہ بھی نہیں چلا، اس کا ذمے دار کون ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی اس خبر میں کوئی سچائی نہیں ہے یہ جھوٹی خبر ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ مرکزی بینک کی ویب سائٹ پر ہر کرنسی نوٹ کے پیچھے موجود سیکیورٹی فیچرز میں یہ عبارت درج ہے۔
عہدیدار نے متعلقہ پیج کا لنک بھی فراہم کیا جس پر 10 روپے سے لے کر 5 ہزار روپے تک کے تمام کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز کی تفصیل موجود ہے اور اس فہرست میں ’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘ یہ عبارت واضح طور پر شامل ہے۔
جیو فیکٹ چیک کی ٹیم نے خود بھی نیا 5 سو کا نوٹ چیک کرکے اس کی تصدیق کی کہ یہ عبارت نوٹ پر موجود ہے۔