ٹی20 ایشیا کپ کے ساتویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عمان کو 42 رنز سے ہرادیا۔ 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حریف ٹیم 130 رنز بناسکی۔
ابوظبی میں میں کھیلے جارہے گروپ اے کے میچ میں عمان کے کپتان جتندر سنگھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
یو اے ای کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں کپتان محمد وسیم اور علی شان شرفو کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 5 وکٹ پر 172 رنز بنائے ہیں۔
یو اے ای کی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ پر 88 رنز کی شراکت قائم کی علی شان شرفو 51 بناکر کر پویلین لوٹ گئے، اُن کی اننگز 7 چوکوں اور 1 چھکے سے مزین تھی۔
یو اے ای کے کپتان محمد وسیم 54 گیندوں پر 69 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔
محمد زوہیب نے 21 اور ہرشیت کوشک نے 19 رنز کی باری کھیلی جبکہ عمان کے جیتن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں عمان کی ٹیم 19ویں اوور میں 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، آریان بشت نے 24، جتیندر سنگھ اور ونائیک شُکلا نے20،20 رنز اسکور کیے۔
یو اے ای کی طرف سے جنید صدیقی نے 4، محمد جواد اللّٰہ اور حیدر علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان نے 2، 2 میچز کھیل لیے ہیں، عمان نے اپنا میچ بھارت سے جبکہ یو اے ای نے اپنا آخری مقابلہ پاکستان سے کھیلنا ہے۔