کراچی ( محمد منصف ) ایک سال قبل سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے والے سلیم خان نے انفارمیشن کمیشن کمشنر کے عہدے پر تعیناتی درست ثابت کرنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں پندرہ سالہ سماجی تنظیم کے ساتھ سماجی کارکن ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کر دیا۔ عدالت عالیہ نے درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات و نشریات سندھ کے سابق ڈائریکٹر جنرل سلیم خان کی سندھ انفارمیشن کمیشن میں بطور کمشنر تعیناتی کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت ہوئی جہاں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ عہدہ صحافی اور سول سوسائٹی کے لئے وضع کیا گیا ہے جسے قانونی تحفظ حاصل ہے تاہم اس کے برعکس حال ہی میں محکمہ اطلاعات و نشریات سندھ سے مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد ریٹائر ہوئے ہیں جنہیں خلاف ضابطہ کمشنر کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ سماعت کے موقع پر سلیم نے گذشتہ پندرہ سال کا تجربہ ظاہر کرنے کے لئے سماجی تنظیم جے ڈی سی کا سند پیش کر دی جبکہ یہ بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ سلیم خان حال ہی میں سرکاری ملازمت سے مدت مکمل کر کے ریٹائر ہوئے ہیں۔ عدالت عالیہ نے ان کا جواب ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے درخواست گزار عامر بلوچ سے جواب الجواب طلب کر لیا ہے۔