کوئٹہ/ شیرانی (نمائندگان جنگ)خضدار میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک، بھاری اسلحہ برآمد ، شیرانی ، لیویزاور پولیس تھانہ پر حملہ پسپا، ایک اہلکار شہید، دوسرا لاپتہ،دو جوان زخمی، شدت پسندوں نے لیویز کی گاڑی جلا دی، پی ڈی ایم اے کا سامان تباہ ۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز کا خضدار میں ٹارگٹڈ آپریشن ،فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشتگرد مارے گئے، بھاری تعداد میں اسلحہ او ر دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیاگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں شہریوں کی ٹاگٹ کلنگ سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 14 اور 15 ستمبر کی رات آپریشن کیا گیا۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔