گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک خاص ڈائٹ پلان نے خوب شہرت حاصل کی ہے جسے ون میل آ ڈے (OMAD) کہا جاتا ہے۔
دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کئی مشہور شخصیات اور انفلونسرز دنیا بھر میں اس ڈائٹ کو وزن کم کرنے کے لیے اپنا رہے ہیں، تاہم عوام میں یہ سوالات عام ہیں کہ آخر یہ ڈائٹ ہے کیا، کیسے کام کرتی ہے اور کن لوگوں کے لیے یہ نقصان دہ ہو سکتی ہے؟
اومیڈ (OMAD) ڈائٹ کیا ہے؟
ون میل آ ڈے یا 23:1 ڈائٹ ایک ایسا طریقہ ہے جس میں انسان پورے دن صرف ایک کھانا کھاتا ہے اور بقیہ 23 گھنٹے فاسٹنگ یعنی بھوکا رہتا ہے، اس ایک کھانے میں دن بھر کی تمام کیلوریز لی جاتی ہیں۔
یہ ڈائٹ کیسے کام کرتی ہے؟
عام طور پر ہمارا جسم دن بھر کھانے سے توانائی حاصل کرتا ہے، لیکن جب صرف ایک کھانے پر اکتفا کیا جائے تو جسم توانائی کے لیے ذخیرہ شدہ چربی استعمال کرنے لگتا ہے، طویل فاسٹنگ انسولین کی سطح کم کرتی ہے جس سے جسم چربی کو ایندھن کے طور پر استعمال کرنے پر مجبور ہوتا ہے۔
کن لوگوں کو اپنانا چاہیے اور کن کو نہیں؟
یہ ڈائٹ بچوں، نوعمروں، حاملہ یا دودھ پلانے والی خواتین، ذیابطیس یا کم بلڈ شوگر کے مریضوں، ضعیف افراد اور ان لوگوں کے لیے مناسب نہیں جو باقاعدہ دوا لیتے ہیں، ماہرین صحت کے مطابق اس ڈائٹ کو اپنانے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا لازمی ہے۔
فوائد
اس ڈائٹ پلان سے مجموعی کیلوریز میں کمی سے وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، دل کی بیماریوں، بلڈ شوگر اور سوزش کے خطرات کم ہوسکتے ہیں، میٹابولزم بہتر بنانے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے۔
نقصانات
اومیڈ ڈائٹ طویل بھوک چڑچڑاپن، کمزوری، سر درد اور نیند کے مسائل پیدا کر سکتی ہے، غذائی کمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ ایک کھانے میں تمام ضروری وٹامنز اور منرلز لینا مشکل ہے، بھوک کے باعث اکثر لوگ زیادہ کیلوریز لے لیتے ہیں جس سے وزن دوبارہ بڑھ سکتا ہے۔
کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں؟
اگرچہ اس ڈائٹ میں کوئی خاص پابندی نہیں، مگر ماہرین کہتے ہیں کہ پروسیسڈ اور فاسٹ فوڈ سے پرہیز کریں، اس کے بجائے پھل، سبزیاں، اناج، بیج اور صحت مند تیل استعمال کرنا بہتر ہے، دن بھر پانی اور بغیر کیلوری والے مشروبات جیسے چائے، کافی یا ہربل انفیوژن پینے کی بھی اجازت ہے۔
کھانے کا بہترین وقت
عام طور پر ماہرین شام یا رات کے وقت کھانے کو بہتر سمجھتے ہیں تاکہ جسم کے ہاضمے کے قدرتی نظام کے ساتھ ہم آہنگی رہے، تاہم یہ وقت ہر فرد کی مصروفیات اور توانائی کی ضروریات کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔
کتنے عرصے تک محفوظ ہے؟
اگرچہ یہ ڈائٹ وقتی طور پر وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے لیکن ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اسے طویل عرصے تک اپنانا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اس سے غذائی کمی، تھکن اور دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری اور اس کی تشخیص کےلیے معالج سے رابطہ کریں۔