• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ایشیا کپ، اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی ٹیم سے معافی مانگ لی

ٹی20 ایشیا کپ میں پاکستان اور یو اے ای میچ کی ٹاس سے پہلے اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی ٹیم کے کپتان اور ٹیم مینجمنٹ سے معافی مانگ لی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور ٹیم کے کپتان سے معافی مانگی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم پہنچ کر اینڈی پائی کرافٹ نے بھارت اور پاکستان کے میچ میں دونوں ٹیموں کو مصافحے سے منع پر معافی مانگی ہے۔

اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعے کو مس کمیونی کیشن کا نتیجہ قرار دے کر معافی مانگی ہے۔

آئی سی سی نےپاک بھارت میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔

میچ ریفری کے رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان اور بھارت  کے میچ کے ریفری نے اینڈی پائی کرافٹ نے معافی مانگی ہے، وہی آج کے میچ میں ریفری ہوں گے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو اسٹیڈیم جانے کا کہہ دیا ہے۔

پی سی بی ترجمان عامر میر نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے دو سابقہ چیئرمین نجم سیٹھی اور رمیز راجا سے مشاورت کی جبکہ میچ شروع ہونے کا وقت ایک گھنٹہ آگے بڑھا دیا گیا تھا۔

پاکستان اور یو اے ای کا میچ آغاز ساڑھے 7 بجے شیڈول تھا جو اب پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔

پی سی بی میڈیا منیجر کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس طلب کی تھی اور کھلاڑیوں کو کمروں میں چلے جانے کے لیے کہا تھا۔

پہلے اطلاع آئی تھی کہ کھلاڑی اسٹیڈیم روانہ ہوسکتے ہیں، کھلاڑیوں کا سامان بس میں رکھ دیا گیا تھا اور کچھ کھلاڑی بیٹھ بھی گئے تھے تاہم بعد میں انہیں اسٹیڈیم جانے سے روک دیا گیا تھا۔

لاہور میں پی سی بی کا اعلیٰ سطح پر مشاورتی عمل ہوا تھا، جس میں چیئرمین محسن نقوی، سلمان نصیر اور دیگر عہدیدار میٹنگ میں موجود تھے۔

ذرائع سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی معذرت کی صورت میں معاملہ ختم ہوسکتا ہے، معافی مانگنے کے بعد پاکستان ٹیم یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کرسکتی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید