ایشیا کپ 2025 میں ہینڈ شیک تنازع کے بعد روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج پھر آمنے سامنے ہوں گے۔
آج ہونے والے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ سے قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اپنی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس اہم میچ سے قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پاکستان سے دوبارہ مقابلے سے قبل بھارتی کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔
ہینڈ شیک تنازع کے بعد انہوں نے گزشتہ شب اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنا کمرہ اور اپنا فون بند کر کے سونے کا مشورہ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا کمار یادیو کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں کھلاڑیوں کے لیے اس وقت یہی بہتر ہے۔ یہ کہنا تو آسان ہے لیکن بعض اوقات ایسا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس کا انحصار ہم پر ہے کہ ہم کیا سننا چاہتے ہیں، اور اپنے ذہن میں کیا رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ٹیم کو واضح کر دیا ہے کہ اگر اس ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنا اور آگے بڑھنا ہے تو بیرونی دباؤ کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دینا ہے۔