پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے کا دوسرا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ حسین طلعت کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حسن نواز کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولنگ کی کمان شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے سپرد کی جائے گی جبکہ مسٹری اسپنر ابرار احمد کی معاونت محمد نواز اور صائم ایوب کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کے یہ 11 کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔
قومی ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہوں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے میچ کی تیاری کے لیے ہوٹل میں طویل میٹنگ کی تھی اور دونوں ٹیموں نے آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس سیشن میں حصہ بھی لیا تھا۔
علاوہ ازیں دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سُپر فور مرحلے کے میچ سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستانی ٹیم کے پلیئرز سے ملاقات کی۔
چیئرمین پی سی بی نے اس بارے میں کہا کہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے گیا تھا، پلیئرز اور مینجمنٹ سے ملاقات بہت ہی اچھی رہی۔